کاروار5؍جون (ایس او نیوز)بھٹکل بلدیہ کے ذمہ داران کے ایک وفدنے نائب صدر بلدیہ جناب ڈاکٹرسید سلیم کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ضلع شمالی کینرا سے ملاقات کی اور بھٹکل کے کچھ اہم ترین مسائل کو حل کرنے کی طرف ان کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔اس میں سب سے اہم غوثیہ محلے میں واقع شہر کے ڈرینیج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے عوام کو ہونے والی دشواریوں کامسئلہ تھا۔
میونسپالٹی کی حدود والے ڈرینیج کا جو ٹریٹمنٹ پلانٹ غوثیہ اسٹریٹ میں ہے اس کی مشینیں بار بار بگڑ جانے سے وہاں پر گندے پانی کی صفائی کرنا ممکن نہیں ہوتا۔اس کے نتیجے میں اطراف کے کنوؤں میں گٹر کا گندہ پانی گھس جانے سے تمام کنویں خراب ہوگئے ہیں۔ پورے علاقے میں گھروں میں پینے اور استعمال کرنے کے لئے پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اور یہی غلاظت بھرا پانی شرابی ندی میں چھوڑے جانے کی وجہ سے پوری ندی انتہائی گندگی کا ڈھیر بن گئی ہے اور اطراف کے لوگوں کا جینادوبھر ہوگیا ہے۔اس لئے مطالبہ کیا گیا کہ اس ٹریٹمنٹ پلانٹ کو کسی اور جگہ پر منتقل کیا جائے۔
میمورنڈم میں درج دوسرا مسئلہ بھٹکل شہر میں عمارتوں کی تعمیر کے تعلق سے ہونے کی والی دشواری کا تھا۔اس میں ٹاؤن پلاننگ افیسر کی طرف سے رکاوٹ پید ا کی جارہی ہے اور عوام کو اجازت نامہ حاصل کرنے میں بہت دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے علاوہ بھٹکل ٹاون کے 90فیصد کے قریب مکانات محکمہ آثار قدیمہ ، کونکن ریلوے اور سی آر زیڈ کے حدود میں آنے کی وجہ سے میونسپالٹی کو تعمیرات کی اجازت میں رکاوٹ ہورہی ہے۔اگر ان محکمہ جات کی شرائط میں کوئی ڈھیل دی جاتی ہے تبھی میونسپالٹی کی طرف سے اجازت دینا ممکن ہوسکتا ہے۔لہٰذا متعلقہ محکمہ جات سے ساتھ گفت و شنید کرکے اس ضمن میں عوام کو راحت دلانے کی مانگ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ٹاون پلاننگ افیسر کوکم از کم ہفتے میں ایک بار بھٹکل میں آنے کا پابند کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ عمارتوں کی تعمیر کے لئے اجازت نامہ حاصل کرنے میں عوام کو دقت نہ ہو۔
اس وفد میں بلدیہ کے کاونسلر الطاف کھروری، کرشنانند پائی، فیاض ملا، عبدالرؤف نائیطے، کاک محی الدینا اشفاق، قیصر محتشم ، پاسکل گومز، عبداللہ خطیب اور ایس ایم پرویز شامل تھے۔